ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : اپن انگڈی معاملہ پر پی ایف آئی کا زبردست احتجاجی مظاہرہ؛ ہزاروں لوگوں کی شرکت

منگلورو : اپن انگڈی معاملہ پر پی ایف آئی کا زبردست احتجاجی مظاہرہ؛ ہزاروں لوگوں کی شرکت

Fri, 17 Dec 2021 22:27:53    S.O. News Service

منگلورو 17/ دسمبر (ایس او نیوز) اپن انگڈی  پولیس اسٹیشن کے پاس پی ایف آئی کی طرف سے پر امن احتجاج کے دوران کیے گئے پولیس لاٹھی چارج کی مذمت اور گرفتار کارکنان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے پی ایف آئی نے منگلورو کلاک ٹاور کے پاس "ایس پی دفتر چلو" کے عنوان سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

پی ایف آئی نے ہمپن کٹا سے ریالی کی شکل میں نکل کر کلاک ٹاور تک پہنچ کرجو مظاہرہ کیا اس میں بڑی تعداد میں ہجوم جمع تھا اور مسلسل نعرے بازی کی جا رہی تھی ۔ حالانکہ مظاہرین کا مقصد ایس پی دفتر تک جانا تھا ، لیکن پولیس کمشنر ششی کمار نے پیشگی طور پر ہی جلوس کو کلاک ٹاور سے آگے بڑھنے  کی اجازت نہیں دی تھی  اور کلاک ٹاور کے پاس بیریکیڈس لگا دئے گئے تھے ۔ اس وجہ سے مظاہرین ایس پی دفتر تک پہنچ نہیں سکے ۔ 

مظاہرین نے اپن انگڈی  پولیس اسٹیشن کے پاس  ہوئے تشدد کے لئے مبینہ ذمہ دار پولیس افسران کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ایس ڈی پی آئی لیڈر شافع بیلارے نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بنٹوال سرکل انسپکٹر ٹی ڈی ناگراج نے یہ کہتے ہوئے لوگوں کو اکسایا تھا کہ لاٹھی اور پستول کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر کو کھلے عام دھمکیاں دینے والے شخص کے خلاف کارروائی کرنا اسی نام نہاد پولیس کے بس میں نہیں تھا ۔

احتجاجی مظاہرہ کے پیش نظر ہمپن کٹا اور ٹاون ہال کے پاس بھی رکاوٹیں کھڑی کردی گئی تھیں اور حفاظتی بندوبست سخت کر دیا گیا تھا ۔


Share: